گورکھپور13اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)گورکھپور کے بی آر ڈی ہسپتال میں بچوں کی موت کا سلسلہ جاری ہے،دماغی بخار کی وجہ سے اتوار کو بھی 4 سال کے ایک بچے کی موت ہو گئی۔ گزشتہ 3 دن میں ہی موت کا اعداد و شمار 68 تک پہنچ گیا ہے۔ اسپتال کے پرنسپل راجیو مشرا کو ہفتہ کو معطل کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے خاص بات چیت میں کہا ہے کہ وہ بے قصور ہیں اور سارا الزام آکسیجن سپلائر کمپنی پر ہے۔ہفتہ کو صوبے کے وزیر صحت سدھارتھ سنگھ نے بی آر ڈی ہسپتال کے پرنسپل کو غیر ذمہ دارانہ رویہ کے لئے معطل کر دیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت کو جو کارروائی کرنی تھی وہ کی لیکن اس معاملے میں میرا کوئی قصور نہیں ہے۔ راجیو مشرا نے کہا کہ آکسیجن سپلائی کرنے والی کمپنی پشپا سیلز کے ساتھ 8 سال کانٹریکٹ تھا اور انہیں گیس کی سپلائی کرنی چاہئے تھی۔آکسیجن سپلائر کمپنی کو مجرم ٹھہراتے ہوئے راجیو مشرا نے کہا کہ اگر وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اس معاملے کی مناسب طریقے سے جانچ پڑتال کریں گے تو انہیں سچ پتہ چلے گا کہ میری کوئی غلطی نہیں ہے۔ مشرا نے کہا کہ وزیر صحت نے ہفتہ کو جو بیان دیا تھا وہ ٹھیک ہے، ہسپتال میں اگست کے مہینے میں زیادہ اموات ہوتی ہیں۔گیس سپلائی کرنے والے کمپنی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مشرا نے کہا کہ کمیشن کا الزام سراسر غلط ہے۔ کمپنی کی جانب سے الزام لگایا گیا تھا کہ ہسپتال کے پرنسپل کی جانب سے کمیشن کی مانگ کی گئی تھی اور کمیشن نہ دینے پر گیس کمپنی نے ادائیگی میں تاخیر کا الزام لگایا تھا۔